PDA

View Full Version : گنہ گاروں کو ہاتف سے نوید خوش مآلی ہے



Attari1980
08-04-2009, 02:13 PM
ہ گاروں کو ہاتف سے نوید خوش مآلی ہے

گنہ گاروں کو ہاتف سے نوید خوش مآلی ہے
مبارک ہو شفاعت کے لئے احمد سا والی ہے

قضا حق ہے مگر اس شوق کا اللہ والی ہے
جو ان کی راہ میں جائے وہ جان اللہ والی ہے

ترا قد مبارک گلبن رحمت کی ڈالی ہے
اسے بوکر ترے رب نے بنا رحمت کی ڈالی ہے

تمہاری شرم سے شان جلال حق ٹپکتی ہے
خم گردن بلال آسمان ذوالجلالی ہے

زہے خود گم جو گم ہونے پہ یہ ڈھونڈھے کہ کیا پایا
ارے جب تک کہ پاتا ہے جب ہی تک ہاتھ خالی ہے

میں اک محتاج بے وقعت گدا تیرے سگ در کا
تری سرکار والا ہے ترا دربار عالی ہے

تری بخشش پسندی عذر جوئی توبہ خواہی سے
عموم بے گناہی جرم شان لا ابالی ہے

ابوبکر و عمر عثمان و حیدر جس کے بلبل ہیں
ترا سرو سہی اس گلبن خوبی کی ڈالی ہے

رضا قسمت ہی کھل جائے جو گیلاں سے خطاب آئے
کہ تو ادنیٰ سگ درگاہ خدام معالی ہے