PDA

View Full Version : کون کہتا ہے کہ زینت خلد کی اچھی نہیں



Attari1980
08-20-2009, 03:55 PM
کون کہتا ہے کہ زینت خلد کی اچھی نہیں

کون کہتا ہے کہ زینت خلد کی اچھی نہیں
لیکن اے دل فرقت کوئے نبی اچھی نہیں

رحم کی سرکار میں پرسش ہے ایسوں کی بہت
اے دل اچھا ہے مگر حالت مری اچھی نہیں

تیرہ دل کو جلوہء ماہ عرب درکار ہے
چودھویں کے چاند تیری چاندنی اچھی نہیں

کچھ خبر ہے میں برا ہوں کیسے اچھے کا برا
مجھ برے پہ زاہدہ طعنہ زنی اچھی نہیں

اس گلی سے دور رہ کر کیا مریں ہم کیا جئیں
آہ ایسی موت ایسی زندگی اچھی نہیں

ان کے در کی بھیک چھوڑیں سروری کے واسطے
ان کے در کی بھیک اچھی سروری اچھی نہیں

خاک ان کے آستانے کی منگا دے چارہ گر
فکر کیا حالت اگر بیمار کی اچھی نہیں

سایہء دیوار جاناں میں ہو بستر خاک پر
آرزوئے تاج و تخت خسروی اچھی نہیں

بار عصیاں کی ترقی سے ہوا ہوں جاں بلب
مجھ کو اچھا کیجئے حالت مری اچھی نہیں

ذرہء طیبہ کی طلعت کے مقابل اے قمر
گھٹتی بڑھتی چار دن کی چاندنی اچھی نہیں

موسم گل کیوں دکھائے جاتے ہیں یہ سبز باغ
دشت طیبہ جائیں گے ہم رہزنی اچھی نہیں

بےکسوں پر مہرباں ہے رحمت بیکس نواز
کون کہتا ہے ہماری بیکسی اچھی نہیں

بندہء سرکار ہو پھر کر خدا کی بندگی
ورنہ اے بندے خدا کی بندگی اچھی نہیں

روسیہ ہوں منہ اجالا کر دے اے طیبہ کے چاند
اس اندھیرے پاکھ کی یہ تیرگی اچھی نہیں

خار ہائے دشت طیبہ چبھ گئے دل میں مرے
عارض گل کی بہار عارضی اچھی نہیں

صبح محشر چونک اے دل جلوہء محبوب دیکھ
نور کا تڑکا ہے پیارے کاہلی اچھی نہیں

ان کے در پر موت آ جائے تو جی جاؤں حسن
ان کے در سے دور رہ کر زندگی اچھی نہیں